ہماری فلمیں

شفیق الرحمن
ہماری فلمیں
ساتھ ہی ایک اور گہرے راز کا انکشاف ہوتا ہے وہ یہ کہ اس ملک میں وہی شخص محبت کر سکتا ہے جو بہت اچھا گاتا ہو۔ جسے گانا نہ آتا ہو اس شخص کو اتنا سا بھی حق حاصل نہیں کہ محبت کے متعلق کچھ سوچے بھی۔ البتہ وہ کوشش کرے تو ولن کا کام کر سکتا ہے۔ دو محبت کے متوالے دلوں کے بیچ میں ٹانگ اڑا سکتا ہے بس! اب سوچیے تو سہی کہ ایک حسین خاتون (جن سے آپ محبت کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔) ایک تتلی یا پھول کو دیکھ کر یا یونہی خواہ مخواہ اتنی خوش ہو جاتی ہیں کہ فوراً فی البدیہہ نظم کہہ کر اسے گانے لگتی ہے۔ لازماً آپ کو کسی درخت کی آڑ میں وکٹ کیپر کی طرح جھکے ہوئے تاک لگائے کھڑا ہونا چاہیے، تو اس وقت آپ کا پریم تبھی ظاہر ہوگا کہ آپ ایک ہاتھ لہرا کر نعرہ لگائیں اور گانا شروع کردیں۔ اور آپ ان کے گاتے ہی فوراً کسی جھاڑی کے پیچھے سے نکل نہیں آتے یا کسی درخت سے دھم سے کود نہیں پڑتے، اور اگر آپ فی البدیہہ اشعار نہیں کہہ سکتے اور فوراً ہی دو گانے میں شامل نہیں ہو سکتے تو خاطر جمع رکھیے کہ آپ ہرگز ہرگز پریم کے حق دار نہیں۔