نئی کہانی -خراب قسمت


پیغام سنتے ہی اس کے چہرے پر مایوسی پھیل گئی ۔
چمکتی آنکھوں میں آنسو امڈ آئے۔
کیا ہوا صغراں؟
جھونپڑی کے اندر سے تارے نے سگریٹ کا کش لیتے ہوئے اس کا پریشان و غمگین چہرہ دیکھ کر پوچھا ۔
ہمارے دن کبھی نہیں پھرنے ۔
ہماری قسمت ہی خراب ہے ۔
سوہنا رب بھی لگتا ہے ناراض ہے ۔صغراں کھوئی کھوئی آواز میں بولی ۔
ہوا کیا ہے بتاو تو سہی ؟ تارا جھلا کر بولا
تم نے کہا تھا کہ بلڈنگ گرنے سے مرنے والوں میں اپنا طیفا بھی شامل تھا ۔
چاچا جمیل آیا تھا بول گیا ہے کہ طیفا بچ گیا ہے۔
اب 5 لاکھ نہیں ملیں گے ۔
صغراں بولتے بولتے رو پڑی ۔
تارا جھونپڑے کی ٹپکتی چھت کو خالی آنکھوں سے دیکھنے لگا