دی فورٹی رولز آف لؤ
دی فورٹی رولز آف لؤ (ایلف شفق)
محسن علی خاں
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان صاحب نے نوجوان نسل کے لئے ایک کتابی سلسلہ شروع کیا ہے۔ فراس الخطیب کی کتاب ” لاسٹ اسلامک ہسٹری ” کو بغور پڑھنے اور سمجھنے پر زور دیا گیا تھا۔ ایسے ہی آج انہوں نے جو کتاب تجویز کی ہے وہ ترکی کی مشہور ناول نگار ایلف شفق کا سب سے مشہور ناول ” دی فورٹی رولز آف لؤ ” ہے۔ یہ نہ صرف تُرکی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتاب ہے- بلکے اس کا عربی، انگلش اور اُردو زبان میں ترجمہ ہو کر شائع ہوا ہے۔ ان زبانوں میں بھی اس کے ریکارڈ تراجم فروخت ہو چکے ہیں۔ اگر ہم اپنی قومی زبان اُردو کی بات کریں تو اس میں ” چالیس چراغ عشق کے” نام سے اس کا ترجمہ محترمہ ہما انور صاحبہ نے کیا ہے۔
اس ناول کے مرکزی کردار جلال الدین رومی اور ان کے پیر و مرشدشمس تبریز ہیں۔ ان مضبوط کرداروں کے ذریعے حقیقت اور تخیل کو یکجا کرتے ہوۓ، مشرق و مغرب، روحانی و دنیاوی محبت کو ایک دائرے میں لایا گیا ہے۔ وہیں ایک کردار امریکی ریاست میساچوسٹس میں مقیم ایک گھریلو خاتون ایلا ہے، جس کو تصوف کی راہ مل جاتی ہے۔ اور زندگی سمٹ کر اس دائرے میں آجاتی ہے جو رومی اور شمس تبریز نے کھینچا تھا۔
اپنے روحانی استاد اور خوبصورت دوست کی یاد میں، مولانا روم نے اپنے شاہکار شعری دیوان کو’’دیوانِ شمس تبریز‘‘ کا نام دیا۔ ان کی لازوال صوفی شاعری، “مثنوی روم” ہے، جس کے 2666 اشعار ہیں۔ اسی مثنوی کو ’’ہست قرآں درزبانِ پہلوی‘‘ کہا جاتا ہے۔
تصوف و علم کی طاقت پر یقین رکھنے والے دوستوں پر لازم ہے کہ اس کتاب سے مستفید ہوں۔